نئے اسلامی سال کے آغاز پر غلاف کعبہ تبدیل

19 Jul, 2023 | 10:28 AM

 مانیٹرنگ ڈیسک: یکم محرم الحرام سے شروع ہونے والے نئے اسلامی سال کے آغاز پر غلاف کعبہ تبدیل کردیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق غلاف کعبہ کی تبدیلی کا عمل نماز عشاء کے بعد شروع کیا گیا جو 3 سے 4 گھنٹوں میں مکمل ہوا۔ غلاف کعبہ ریشم، سونے اور چاندی کے تار سے سلائی اور کڑھائی کرکے تیار کیا جاتا ہے۔ نیا غلاف کعبہ 2 کروڑ سعودی ریال سے زائد لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔

خانہ کعبہ کے غلاف کی تبدیلی کے وقت چاروں اطراف حفاظتی رکاوٹیں لگائی گئیں تھیں۔ پہلے پرانے غلاف کعبہ کو چاروں طرف سے انتہائی احتیاط اور مہارت کے ساتھ اتارا گیا جبکہ غلاف کو اوپر  تک پہنچانے کیلئے  الیکٹرونک لفٹرز استعمال کیے گئے۔ اس موقع پر موجود سیکڑوں عازمین نے غلاف کعبہ کی تبدیلی کا روح پرور نظارہ دیکھا۔

غلاف کعبہ پرسونے اور چاندی سے  قرآنی آیات دل کش انداز میں تحریر کی گئی ہیں۔ غلاف کعبہ عمومی طور پر 16 ٹکڑوں پر مشتمل ہوتا ہے جس کی لمبائی 50 فٹ اور چوڑائی 35 سے 40 فٹ کے درمیان ہوتی ہے۔

غلاف کعبہ ہر سال 9 ذی الحج کو تبدیل کیا جاتا تھا تاہم گزشتہ برس سے اس معمول میں تبدیلی لاتے ہوئے یکم محرم کو غلاف کعبہ تبدیل کیا گیا تھا اور اس سال بھی اس روایت کو برقرار رکھا گیا۔


 

مزیدخبریں