ضمنی انتخابات میں شکست؛ لیگی ارکان نے استعفے دینا شروع کر دیئے

19 Jul, 2022 | 05:01 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک) ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی شکست پر تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ن لیگ کے اپنے ارکان نے استعفے دینا شروع کر دیئے ہیں۔

  تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب میں ن لیگ کے اپنےارکان نے استعفے دینا شروع کر دیئے ہیں ، بدترین شکست کے بعد رانا ثنا کی دماغی حالت پر رحم آتا ہے۔

 فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں ہماری اکثریت پوری ہے، یہ کسی کو بھی غائب نہیں کرسکتے، نہ کوئی غائب ہونے کی کوشش کرے گا، لوٹوں کا جو حشر ہوچکا ہے، وہ سامنے ہے، ان کی سیاست ہی ختم ہوچکی۔

  رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ لوٹوں کو آئندہ الیکشن میں نہ ن لیگ ٹکٹ دے گی نہ پی ٹی آئی، لوٹے نہ گھر کے رہے نہ گھاٹ کے، رانا ثنا کے دھاندلی زدہ دماغ میں کوئی پلان ہے تو کہوں گا رسی جل گئی بل نہیں گیا۔

  ان کا مزید کہنا تھا کہ اب تو نہ امیدوار تبدیل ہوسکتا ہے نہ نئے کاغذات نامزدگی جمع ہوسکتےہیں، اگر امیدوار بدلنے کا معاملہ ہوتا ہے حمزہ شہباز دستبردار ہوجائے۔سپریم کورٹ کا فیصلہ واضح ہے، 22 جولائی کو الیکشن ہونا ہے، پنجاب میں 16 اپریل والی پوزیشن پر واپس جانا ہے، حمزہ شہباز کو فوری طور پر خود سائیڈ پر ہوجانا چاہیے۔

مزیدخبریں