(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی بجائے پنجاب میں حکومت بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
پنجاب ضمنی الیکشن میں فتح کے بعد پیر کے روز اہم فیصلوں کیلئے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں تحریک انصاف نے پنجاب میں حکومت بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
علاوہ ازیں تحریک انصاف کی قیادت نے اسد عمر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، کمیٹی پنجاب میں حکومت سازی کے تمام امورکو دیکھے گی، کابینہ کی تشکیل اوردیگر امور بھی اس کمیٹی کی ذمے داری ہو گی جبکہ شیخ رشید نے پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف آئندہ الیکشن کی تیاری کرے گی، پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ پنجاب کے امیدوار ہوں گے۔
اس سے قبل چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی لیڈرشپ کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے ضمنی الیکشن کے نتائج اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
عمران خان نے الیکشن میں کامیابی کی بڑی وجہ ٹیم ورک کو قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم نے الیکشن میں بھرپور محنت کی، پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے.