در نایاب: سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل نے اختیارت کی منتقلی کیلئے صوبائی، ڈویژن، ضلعی اور تحصیل سطح پر ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ پلاننگ، عملی اقدامات اور وسائل کی تقسیم کاری کیلئے ٹھوس تجاویز مرتب کریں گی، ٹیموں میں بحال ہونے والے چیئرمین یوسی، یوسی سیکرٹریز بھی شامل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل نے بلدیاتی نظام کی منتقلی کیلئے ٹیموں کی تشکیل پر وزیراعلی سے پیشگی اجازت مانگی تھی، صوبائی سطح کی چھ رکنی ٹیم کے نگران سیکرٹری بلدیات خود ہوں گے، سپیشل سکریٹری لوکل گورنمنٹ، فنانس ، ریگولیشنز کے نمائندے شامل ہوں گے۔ ڈویژنل لیول کی پانچ رکنی ٹیم کا سربراہ متعلقہ کمشنر ہوگا، ڈی سی، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ٹیم کا حصہ ہوں گے، ضلعی لیول کی آٹھ رکنی ٹیم کے سربراہ متعلقہ ڈی سی ہوں گے۔
بحال شدہ لوکل گورنمنٹ کا نمائندہ، اے ڈی سی ایف اینڈ پی، اے سی سی جی ، سی او کارپوریشن ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نمائندے ہوں گے،تحصیل لیول کی پانچ رکنی منتقلی ٹیم کا سربراہ متعلقہ اے سی ہوگا۔ چیئرمین یونین کونسل ، سیکرٹری یونین کونسل ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ممبرز ہوں گے،محکمہ بلدیات کی منتقلی، ٹیموں کی براہ راست نگرانی صوبائی ٹیم کے ذمہ ہوگی۔
ٹرانزیشن دورانیے میں لوکل گورنمنٹ کے ایسٹ کی تفصیلات بھی جمع کی جائیں گی،ٹیمیں اپنے اپنے لیول پر ٹھوس تجاویز بھی پیش کریں گی۔ سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل کے حکم پر باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلدیاتی نظام کی منتقلی کے لئے کمیٹیوں کو ورکنگ مکمل کرنے کے لئے کم سے کم تین ماہ درکار ہوں گے۔