شہزاد خان ابدالی: والٹن کے علاقے میں قربانی کے بیل ہیئر سیلون میں جا گھسنے کا دلچسپ واقعہ۔ لال رنگ کا قربانی کا بیل بے قابو ہو کر ہیئر سیلون میں جا گھسا۔ ہیئر کٹنگ کی غرض سے آنے والے شہریوں کی دوڑیں لگ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق والٹن کے علاقے میں قربانی کے بیل کا ہیئر سیلون میں گھسنے کا دلچسپ واقعہ پیش آیا۔ قربانی کا بیل مالک سے بے قابو ہوکر ہیئر سلیون میں جاگھسا تو بیل سیلون میں گھسنے پر اندر بیٹھے گاہکوں میں بھگڈر مچ گئی۔ شہریوں نے بیل پر قابو پانے کی کوششیں کیں مگر وہ کسی کے قابو میں نہ آیا۔ لال رنگ کا بے قابو بیل سیلون کے دروازے توڑتا ہوا باہر نکل گیا۔ بیل کی ٹکر سے ہیئر سیلون کا شیشے کا دروازہ کرچی کرچی جبکہ ہیئر سیلون کا مالک نقصان پر پریشانی سے دوچار ہوگیا۔
دوسری جانب شہر لاہور میں انسانوں کے بعد قربانی کے جانور بھی غیر محفوظ ہو گئے ہیں۔ واردات صوئے آصل میں واقع شہری بابر عرفان کے ڈیرے پر ہوئی، جہاں چور ڈیرے سے 14 بکرے چرا کر لے گئے۔ متاثرہ شہری نے اندراج مقدمہ کی درخواست تھانہ کاہنہ میں جمع کروا دی۔
درخواستگزار کے مطابق واردات کی اطلاع ڈیرے پر رکھے گئے ملازم شبیر حسین نے بذریعہ ٹیلیفون دی۔ چوری شدہ بکروں کی عمر ایک سال اور مالیت آٹھ لاکھ روپے بنتی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے چوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔