علماء کرام نے حج پر نہ جانے والے افراد سے بڑی اپیل کردی

19 Jul, 2020 | 08:08 PM

Arslan Sheikh

( سعید احمد سعید ) اس سال حج اور عمرہ پر کورونا کی وجہ سے نہ جانے والے لوگ واپس ہونے والی رقوم سندس فاؤنڈیشن کو تھیلیسیما اور ہیموفیلیا کے مریضوں کے علاج کے لئے جمع کروائیں۔ چیئرمین تنظیم اتحاد امت پاکستان پیر محمد ضیاءالحق نقشبندی کی قیادت میں تمام مسالک کے مفتیان اور علما نے فتویٰ دیا۔

شہر لاہور کے جید علماء کرام نے حج کے اخرجات تھیلیسیما کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے خرچ کرنے کی اپیل کردی۔ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علما کرام نے فتویٰ دیا کہ جو لوگ نفلی حج اور عمرہ کے لئے جانا چاہتے تھے لیکن کورونا کی وجہ سے لگی پابندیوں کے باعث نہیں جا سکے، وہ اپنی رقوم سندس فاؤنڈیشن کو جمع کرواسکتے ہیں۔

علما کرام کے فتویٰ پر شہر کی تاجر برادری نے خیر مقدم کیا اور تاجر رہنما شاہ عالم مارکیٹ ندیم ہاشمی کا کہنا تھا کہ اس کار خیر میں بے آسرا بچوں اور انکے والدین کے ساتھ ہیں۔

علما کرام کا کہنا تھا کہ فرض حج صاحب استطاعت لوگوں کے لئے برقرار رہے گا جو کہ اگلے سال یا بعد میں توفیق ہونے پر کیا جاسکے گا۔ اس موقع پر صدر سندس فاؤنڈیشن محمد یاسین خان سمیت علامہ حافظ زبیر ظہیر، مخدوم مولانا عاصم، ڈاکٹر عامر عبداللہ اور تمام مسالک کے جید علما موجود تھے۔ 

مزیدخبریں