عثمان علیم : عید قریب آتے ہی سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں میں حیران کن اضافہ،،چند روز قبل 35 روپے فی کلو میں فروخت ہونےوالے ٹماٹر نے بھی سنچری مکمل کرلی۔سرکاری نرخوں میں اضافے سے ماڈل بازاروں میں بھی قیمتیں بڑھ گئیں،ایک ہفتے میں ادرک 55 روپے،میتھی20 ، بند گوبھی 15،سبز مرچ دس،شملہ16 اور مٹر دس روپے مزید مہنگے ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ادرک 55 روپے اضافے کے بعد 370،میتھی 20 روپے اضافے کے بعد 90، بند گوبھی 15 روپے اضافے کے بعد48،سبز مرچ دس روپےاضافےکےبعد 95، شملہ مرچ 16 روپےاضافےکےبعد 78 جبکہ مٹر دس روپے اضافے کے بعد 190 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ چند روز قبل 35 روپے میں فروخت ہونےوالے ٹماٹر کے نرخ بھی بڑھ گئے،ماڈل بازاروں میں ٹماٹر85روپے جبکہ عام مارکیٹ میں سنچری مکمل کرلی۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ پھل بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوگئے ہیں۔سیب 42 روپےاضافے کے بعد 242 ،انگور سندر خانی 45 روپے اضافے کے بعد 210 ،الیچی 50 روپے اضافے کے بعد 320،آلو بخارا 175،آڑو 200،جبکہ فالسہ 25 روپے اضافے کے بعد220 روپے فی کلو تک جا پہنچا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ عام مارکیٹ میں تو سرکاری نرخوں پر کسی صورت عملدرآمد نہیں ہوتا،ماڈل بازاروں میں کم سے کم سرکاری نرخوں پر اشیاءدستیاب ہوتی ہیں،مگر کوالٹی بس ٹھیک ہی ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے عوام کو چینی کی قلت کا سامنا رہا ہے جبکہ گندم کی قلت سے بھی عوام کے لیے دو وقت کی روٹی پوری کرنا مشکل بنا ہوا ہے اوراب سب سے بڑی پریشانی سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں میں اضافے سے غریب شہریوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے، عید پر ریلیف کے بجائے شہریوں پرمہنگائی کا مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔