قذافی بٹ: لاہور کی بھی سنی گئی، وزیراعظم عمران خان نے لاہور کیلئے نیا ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایات کردی، عمران خان کہتے ہیں کہ آبادی میں کئی گنا اضافے اور شہر کے بے ترتیب پھیلاؤ کی وجہ سے لاہور کے ماسٹر پلان کو از سر نو مرتب کرنا اور اس پر فوری عمل درآمد ناگزیر ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں انہیں لاہور کے ماسٹر پلان کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، اجلاس میں صنعتی زوننگ اور اس سے ملحقہ سماجی و معاشرتی اثرات خصوصا آبادی، ورثہ، سیاحت اور تاریخی عمارات کے حوالے سے امور پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صنعتی و زرعی ترقی کے ساتھ ساتھ سیاحت کا فروغ اور تاریخی عمارتوں کا تحفظ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وزیر اعظم نے لاہور کے لئے نیا ماسٹر پلان فوری طور پر مرتب کرنے اور اس کے نفاذ کی ہدایت کی۔
وزیراعظم عمران خان کو کمشنر لاہور کی جانب سے لاہور رنگ روڈ و دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے لاہور شہر کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کی غفلت اور بدانتظامی پر افسوس کا اظہار کیا، وزیراعظم نے صورتحال پر قابو پانے۔ خصوصا ماحولیاتی آلودگی کے چیلنج سے نمٹنے اور شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔