ویب ڈیسک : ایک ماہ سے زائد عرصہ ہوگیا ہے اور فرانس کے شہر پیرس میں Gaîté Lyrique تھیٹر پر بے گھر تارکین وطن نے قبضہ جما رکھا ہے ۔
یہ قبضہ اس وقت شروع ہوا جب تھیٹر نے "فرانس میں پناہ گزینوں کی بحالی خوش آمدید" کے عنوان سے ایک مفت کانفرنس کی میزبانی کی۔ اسی دوران تقریب میں شرکت کرنے والے 250 بے گھر افریقی تارکین وطن نے کانفرنس کے ختم ہوتے ہی وہیں ڈیرے ڈال دیے اور ان کے ساتھ مزید 50 تارکین وطن بھی شامل ہو گئے جن کے پاس سردیوں میں سر چھپانے کیلئے کوئی جائے پناہ نہیں تھی۔
Gaîté Lyrique پر اس قبضے نے انتظامیہ کو کم از کم 24 جنوری تک تمام پرفارمنسز منسوخ کرنے پر مجبور کردیا ہے جس سے اس کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔تھیٹر اپنی آمدنی کا 70 فیصد مختلف پرفارمنسز سے حاصل کرتا ہے جبکہ 30 فیصد حکومتی سبسڈی کے تحت حاصل ہوتی ہے۔ لیکن دسمبر میں لاکھوں یورو کا نقصان اور اپنے 60 ملازمین کی تنخواہوں کو پورا کرنے کی جاری جدوجہد کے باوجود تھیٹر کی انتظامیہ نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان لوگوں کو سردیوں کے وسط میں سڑک پر دھکیل دینا ناقابل تصور ہے۔
نقصان در نقصان کے بعد تھیٹر نے فرانسیسی حکومت اور مقامی حکام سے ان سینکڑوں تارکین وطن کے لیے مناسب پناہ گاہ تلاش کرنے کی درخواست کی ہے۔