احمد منصور، اویس کیانی :خوارج نے پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش کی جس پرسیکورٹی فورسز نے کارروائی کرکے 5 خوارج ہلاک کردیے
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ژوب میں خوارج کے ایک گروپ نے پاک افغان بارڈر سے در اندازی کی کوشش کی ،سیکیورٹی فورسز نے موثر کارروائی کے ذریعے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی،جس کے نتیجے میں پانچ خوارج ہلاک ہوگئے ۔
آئی ایس پی آر نے کہا افغان عبوری حکومت سے اپنی جانب موثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے کا مسلسل مطالبہ کیا جا رہا ہے، افغان حکومت سے توقع ہے وہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے خوارج کو افغان سرزمین کے استعمال سے روکے۔ سیکیورٹی فورسز سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خوارجی دہشتگردوں کی پاک افغان بارڈر سے ژوب میں دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا سکیورٹی فورسز نے بر وقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کی بلوچستان میں دراندازی کو ناکام بنایا۔ بہادر سکیورٹی فورسز نے دراندازی کرنے والے 5خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں۔ قوم کو بلاشبہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کو ضلع ژوب میں پاک افغان بارڈر پر دراندازی ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کیا صدر مملکت نے فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا،صدر مملکت نے کارروائی کے دوران 5 خوارج جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا پاکستان کی بہادر سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں،
صدر مملکت نے ا دہشت گردی کے مکمل خاتمے، ملکی سرحدوں کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کیا
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ژوب میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی اور دہشت گرد سرحد پار سے پاکستان داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے ،وزیراعظم نے کارروائی میں 5 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا پاکستان کی بہادر افواج سرحدوں کی حفاظت کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں