سٹی42: پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور ان کی بیوی کو کرپشن کے مقدمہ میں بالترتیب 14 سال اور 7 سال قید کی سزائیں ہونے کے باوجود پی ٹی آئی کے پاکستان کے اندر اور پاکستان سے باہر بہت سے لیڈروں کی "امید" برقرار ہے، بہت سے لیڈر 20 جون کو واشنگٹن میں امریکہ کے پریذیڈنٹ الیکٹ ڈونلڈ ٹرمپ کو اقتدار منتقلی کی تقریب میں شرکت کے لئے تیاریاں کر رہے ہیں۔ ان میں پاکستان میں آئین توڑنے کے مرتکب قرار دیئے گئے سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری بھی شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے واشنگٹن مین اقتدار سنبھالنے کی تقریب میں سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری سمیت پی ٹی آئی کے پاکستان میں اور بیرون ملک سرگرم 9 رہنما شریک ہوں گے۔
پی ٹی آئی کے لوگوں کے سوا پاکستان سے صرف ایک نمایاں سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار کی افتتاحی تقریب میں جانا متوقع ہے جو پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو ہیں۔
پی ٹی آئی کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور پی ٹی آئی دور میں پاکستان کے سابق صدر عارف علوی کو آگاہ کیا گیا تھا کہ حلف برداری میں ان کی شرکت کے دعوت نامے بھی موجود ہیں مگر بعض ذاتی وجوہات کی بنا پر دونوں نےاس تقریب میں نہیں جا رہے۔ تاہم پی ٹی آئی کے کئی رہنما پہلے ہی اس تقریب میں شریک ہونے کے لئے واشنگٹن پہنچ گئےہیں، ان میں سر فہرست قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری ہیں جنہوں نے 2022 میں پاکستان کی قومی اسمبلی میں تب وزیراعظم عمران خان کی حکومت پر عدم ااعتماد کی آئینی تحریک کو عین ووٹنگ کے روز یہ کہہ کر بلا اختیار "مسترد" کر دیا تھا کہ یہ تحریک عدم اعتماد تو امریکہ کے کہنے پر پیش کی گئی ہے کیونکہ امریکہ وزیراعظم عمران خان کو عہدہ سے ہٹانا چاہتا ہے۔ کچھ گھنٹے بعد پاکستان کی سپریم کورٹ نے قاسم سوری کی بحیثیت ڈپٹی سپیکر رولنگ کو آئین کو کام کرنے سے روکنے کی کوشش قرار دے کر بالائے آئین اور کالعدم قرار دے دیا تھا اور قومی اسمبلی کا دوبارہ اجلاس ہوا تھا جس میں عمران خان کو عہدہ سے ہٹانے کی تحریک قومی اسمبلی کے ارکان کی اکثریت کے ووٹوں سے کامیاب ہو گئی تھی۔
پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ اٹک سے میجر ریٹائرڈ طاہر صادق بھی امریکا کے نومنتخب صدر کی حلف برداری میں شریک ہوں گے۔
پی ٹی آئی کی" آرگنائزیشن آف انٹرنیشنل چیپٹرز "کے سیکرٹری سجاد برکی، ڈپٹی سیکرٹری جنید بشیر، بانی کے"عالمی امور کے مشیر" عاطف خان، گلوکار سلمان احمد بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارت کا آغاز کرنے کی تقریب میں موجود ہوں گے۔
پی ٹی آئی کے دو ہمدرد " فرسٹ پاکستان گلوبل فورم" کے ڈاکٹرعثمان ملک اور ڈاکٹر سائرہ بلال بھی20 جنوری کی تقریب میں ہوں گے۔ یہ دونوں پی ٹی آئی کے امریکہ میں انتہائی ہمدردوں میں شامل ہیں اور پی ٹی آئی کی جانب سے "کانگریس کے ارکان کو بریفنگ" اور پاکستان کے داخلی معاملات مین مداخلت کرنے پر اکسانےمیں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے آئل ٹائیکون جاوید انورنے ٹرمپ کی انتخابی مہم میں2 لاکھ ڈالر دیئے تھے ۔جاوید انور عمران خان کے بھی انتہائی قریب ہیں اورانہوں نے نمل یونیورسٹی کیلئے بھی بڑی رقم عطیہ کی تھی۔ وہ بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے افتتاح میں شریک ہوں گے۔