مجھے نااہل کردیا گیا تب بھی لوگ پی ٹی آئی کے نظریے کو ووٹ دیں گے، عمران خان

19 Jan, 2023 | 09:00 PM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اسمبلی تحلیل کے بعد بھیجی گئی ایڈوائس میں انتخابات کی تاریخ نہ لکھ کر آئینی  خلاف ورزی کی،گورنر پنجاب کے اس اقدام کو عدالتوں میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

زمان پارک میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ اگر ملک میں صاف شفاف انتخابات نہ ہوئے تو سری لنکا جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، ان کاکہناتھا کہ اسحاق ڈار کے بارے میں صرف اتنا ہی کہوں گا کہ وہ ساری تباہی کا ذمہ دار ہے۔

 چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے اندر توڑ پھوڑ کے حوالے سے سنجیدہ آوازیں سننے کو مل رہی ہیں،مسلم لیگ ن کی موروثی سیاست کے خلاف پہلی آواز چودھری نثار نے بلند کی،ان کاکہناتھا کہ اگر جنرل الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ بھی ہوا تو سڑکوں پر احتجاج کا کوئی آپشن زیر غور نہیں۔

عمران خان کاکہناتھا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ پی ڈی ایم مشترکہ طورپر عوام کے سامنے بے نقاب ہورہی ہے، پی ڈی ایم مکمل طورپر فیل ہوچکی، ان کے پاس عوام کو دینے کے لئے کچھ نہیں،پی ڈی ایم نے مشترکہ طورپر عوام کے وسائل کو اپنے مفادات کے لئے استعمال کیا، صرف تحریک انصاف کی حکومت ہی ملک کو ان بحرانوں سے نجات دلا سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل پی ڈی ایم کے لئے ایک ایسا شاٹ ہے جس کی گونج صدیوں تک انہیں سنائی دے گی،چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ نوازشریف قطعا ًسیاستدان نہیں، ان کاکہناتھا کہ بلوچستان کا حل صرف و صرف سیاسی حل تلاش کرنا ہوگا۔

عمران خان کاکہناتھا کہ میرے پاس ابھی بہت سے ایسے کارڈ باقی ہیں جب کھیلوں گا تو پی ڈی ایم کے رونگٹھے کھڑے ہوجائیں گے،انہوں نے کہاکہ اگر مجھے نا اہل کر بھی دیا تو لوگ تحریک انصاف کے نظریے کو ووٹ دیں گے۔

مزیدخبریں