(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈی سی کیماڑی آفس میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز بلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف سائٹ ایریا میں ڈی سی آفس کیماڑی کے باہر احتجاج کے دوران ڈی سی آفس میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے توڑ پھوڑ اور فائرنگ کرنے کا مقدمہ سائٹ اے تھانے میں درج کرلیا گیا۔
پیپلز سروس سینٹر کے منیجر کی مدعیت میں درج مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما علی زیدی،بلال غفار، عطااللہ، سعید آفریدی، داوا خان سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا ہے جب کہ 150 سے 200 نامعلوم کارکنان میں مقدمے میں نامزد ہیں۔
ایف آر کے متن میں کہا گیا ہےکہ پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان نے ڈی سی آفس میں توڑ پھوڑ کی اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا، پی ٹی آئی رہنما اورکارکنان دفتر کا سامان اور لیپ ٹاپ بھی لے گئے جب کہ ہنگامہ آرائی اور فائرنگ سے تین شہری زخمی بھی ہوئے۔