(مانیٹرنگ ڈیسک) کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے کو ٹیکس کی ادائیگی نہ کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا ۔
ایشوریا رائے بچن کا شمار بھارت کی ارب پتی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، 28 برسوں سے بالی ووڈ کے ذریعے دنیا بھر میں اپنا نام بنانے والی ایشوریا رائے فلموں کے علاوہ بیوٹی پراڈکٹس کی تشہیر سے ہی کروڑوں روپے نہیں کماتیں بلکہ انہوں نے دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کررکھی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشوریا رائے نے ریاست مہاراشٹرا کے ضلع ناشک میں ہوا سے بجلی بنانے کا ایک فارم قائم کررکھا ہےجس زمین پر ایشوریا رائے بچن نے فارم ہاؤس بنارکھا ہے ، اس کا سالانہ ٹیکس 21 ہزار 960 روپے بنتا ہے۔
مقامی ٹیکس حکام اور مذکورہ علاقے کے تحصیل دار نے کا کہنا ہے کہ ایشوریا رائے بچن نے یہ زمین 2009 میں خریدی تھی، جب سے ان کی جانب سے ٹیکس ہر سال باقاعدگی سے ادا کیا جاتا رہا لیکن گزشتہ سال انہوں نے اس کی ادائیگی نہیں کی۔
ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ٹیکس کلیکشن آفس نے ایشوریا رائے کو 9 جنوری کو نوٹس بھیجا تھا اور انہیں حکم دیا تھا کہ 10 روز میں ٹیکس ادا کردیا جائے۔
ایشوریا رائے بچن کا نام پاناما پیپرز لیکس میں بھی آیا تھا۔ دسمبر 2021 میں بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن کو بیرونِ ملک جائیداد بنانے کے کیس میں بھارت کے تحقیقاتی ادارے انفورسمینٹ ڈائریکٹوریٹ نے 4 سال کی تفتیش کے بعد طلب بھی کیا تھا۔