عثمان علیم: پارکنگ سٹینڈز کی جگہ پر قبضہ مافیا کا راج، لاہور پارکنگ کمپنی کریم بلاک پارکنگ کی جگہ خالی نہ کروا سکی، اطراف میں پارکنگ سے ٹریفک مسائل معمول بن گئے۔
لاہور پارکنگ کمپنی پارکنگ سائٹس کا قبضہ واگزار کرانے میں ناکام ہوکر رہ گئی ہے، کریم بلاک میں پارکنگ کی جگہ پر تجاوزات مافیا نے پنجے گاڑھ لیے۔ مارکیٹ کھلتے ہی پلازوں کے باہر پارکنگ کی جگہ پر کاؤنٹرز، ریڑھیاں اور اسٹالز لگنا معمول بن گیا۔ پارکنگ ایریاز میں تجاوزات کے باعث پارکنگ کے لیے جگہ کم پڑنے لگی۔
سڑکوں اور اطراف میں پارکنگ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے لگی، تجاوزات مافیا دکانوں سے نکل کر پہلے برآمدوں اور اب پارکنگ ایریا تک پہنچ گئے۔ پارکنگ کی جگہ پر تجاوزات کی موجودگی اور خالی نہ کروایا جانا انتظامیہ کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے، شاپنگ کی غرض سے مارکیٹ کا رخ کرنے والے شہری پارکنگ ڈھونڈتے ڈھونڈتے خوار ہو جاتے ہیں۔