ڈیفنس (زین مدنی) معروف اداکار دانش تیمور نے اپنی بیوی عائزہ خان کے لیے محبت بھرے پیغام میں کہا کہ مجھے امید ہے ہم اپنی آخری سانس تک ساتھ رہیں گے۔
دو روز قبل ڈرامہ سیریل ''میرے پاس تم ہو'' سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اداکارہ عائزہ خان نے اپنی 30 ویں سالگرہ منائی، اس موقع پر جہاں ان کے مداحواں اور دیگر اداکاروں نے ان کے لیے پیغامات بھیجے، وہیں ان کے شوہر اداکار دانش تیمور نے بھی گزشتہ روز سماجی رابطے پر ان کی تصویر کے ہمراہ محبت بھرا پیغام پوسٹ کیا۔
فوٹو شیئرنگ ایپ پر اداکارہ عائزہ خان کے ہمراہ نائٹ موڈ میں تصویر شیئر کرتے ہوئے اداکار دانش تیمور نے اپنے پیغام میں لکھا کہ میں اس خاتون اور اس کے ساتھ ملکر جو فیملی بنائی ہے، ان کے بنا زندگی کا ایک لمحہ سوچ بھی نہیں سکتا۔
دانش تیمور نے لکھا کہ تم جو میری زندگی میں محبت اور سکون لائی ہو اس کا شکریہ میں الفاظ میں ادا نہیں کرسکتا، مجھے امید ہے ہم اپنی آخری سانس تک ایسے ہی خوشگوار زندگی ایک ساتھ گزارتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ2014 میں معروف اداکارہ عائزہ خان پاکستانی اداکار دانش تیمور سے شادی کے بندھن میں بندھیں، ان کی ایک بیٹی اور بیٹا ہے۔