(رضوان نقوی) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کے ٹھیکیداروں کو کی گئی ادائیگیوں پر تاریخ کا سب سے زیادہ سیلز ٹیکس عائد کردیا۔ ایل ڈی اے اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو 20 ارب 10 کروڑ روپے کی ادائیگی کیلئے شوکاز نوٹس جاری کر دیئے گئے۔
پی آر اے حکام کے مطابق اورنج لائن کے الیکٹریکل اور مکینیکل ورک کیلئے چائنہ ریلوے کارپوریشن کو کی گئی ادائیگیوں پر ٹیکس کٹوتی نہ کر کے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے سرکاری خزانے کو 12 ارب 90 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے مئی 2016 سے جون 2018 تک چائنہ ریلوے کارپوریشن کو ادائیگیاں کرتے ہوئے ٹیکس کٹوتی نہیں کی جبکہ پی ایم اے کنٹریکٹر کمپنی کو ادائیگی کرتے وقت بطور ودہولڈنگ ایجنٹ ٹیکس کٹوتی کر کے سروسز پرعائد سیلز ٹیکس جمع کرانے کی پابند تھی۔
اسی طرح ایل ڈی اے نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کے ٹھیکیداروں کو سول ورکس20 کروڑ روپے کے خسارے سے دو چار کیا۔ پی آر اے نے ایل ڈی اے اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو مجموعی طور پر 20 ارب 10 کروڑ روپے سیلز ٹیکس ادا کر نے کیلئے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب دینے کے لئے 10 دن کی مہلت دے دی۔
پی آر اے حکام نے تسلی بخش جواب نہ دینے کی صورت میں جرمانہ عائد کر کے ریکوری کرنے کا عندیہ بھی دے دیا۔