وزیرریلوے سے چینی ریل انجن تیار کرنے والی کمپنی کے وفد کی ملاقات

19 Jan, 2018 | 09:18 PM

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے ریل انجن تیار کرنے والی چین کی کمپنی ڈالیان کے جنرل منیجر لی ڈی پُو کی قیادت میں وفد کی ملاقات، ناکارہ ہوجانے والے کمپنی کے تیار کردہ انجنوں کی بحالی کے حوالے سے پیش کش کی گئی۔

 تفصیلات کے مطابق اس پیش کش سے چینی کمپنی ڈالیان گذشتہ ادوار میں فروخت کیے گئے، انجنوں میں سے کم سے کم2 یا زیادہ سے زیادہ 5 لوکو موٹیوز کو رسالپور لوکوموٹیوز فیکٹری میں اپنے خرچ پر اپ گریڈیا تبدیل کرکے دے گی۔ اس اپ گریڈیشن کے بعد پاکستان ریلویز ان انجنوں کا دو سال تک جائزہ لے گا اور تسلی بخش کارکردگی کی صورت میں اپ گریڈیشن کے اخراجات ادا کیے جائیں گے۔

 چینی کمپنی کے وفد کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ادارے کی ساکھ کی بحالی کے لیے یہ پیش کش کررہے ہیں۔ وہ پاکستان ریلویز کے ساتھ تعلقات اور کاروبار کی بحالی چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستا ن ریلوے نے موجودہ دور کے آغاز میں ناکارہ انجنوں کا ایک قبرستان بنانے کا اعلان کیا تھااور انجن فراہم کرنے والی ٹریڈنگ کمپنی ڈونگ فونگ کو بلیک لسٹ کردیا گیا تھا۔

وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس پیشکش کو ریلوے کے مفاد میں ہی قبول کیا جاسکتا ہے۔ اس کا فیصلہ ریلوے ماہرین اور مکینیکل انجینئرز کی ماہرانہ رائے کی روشنی میں کیا جائے گا۔ انہوں نے تجویز دی کہ اگر اپ گریڈیشن اور بحالی کے بعد چائنیز کمپنی کے انجن کم از کم 15سال میں لائف گارنٹی کے ساتھ منافع دیں تو اس کی بنیاد پرتجویزپرغورکیاجائے۔

وزیر ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی اداروں کی طرف سے تعاون اور سرمایہ کاری کی پیشکش، پاکستان ریلوے کی بحالی اور ترقی کا اعتراف ہے۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسر محمد جاوید انور، مشیر ریلویز انجم پرویز ، ممبر فنانس فیصل اسماعیلی، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینیکل انصر باللہ خان، ایف اے اینڈ سی اے او محمد سعید ، سی ایم ای کیرج اینڈ راحت مرزا اورسی ایم ای لوکو شاہد عزیز سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

مزیدخبریں