سوائن فلو سے ہلاکتیں، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست

19 Jan, 2018 | 12:38 PM

(ملک اشرف): سوائن فلو سے ہونے والی ہلاکتوں اور مرض کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات نہ کرنے والے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے سوائن فلو سے ہونے والی ہلاکتوں اور مرض کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات نہ کرنے والے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کیلئے درخواست دائر کر دی، جس میں پنجاب حکومت، سیکرٹری صحت، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو فریق بنایا گیا، درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں سے اب تک 1472 انفلوئنزا وائرس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ 24 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، سوائن فلو کی روک تھام کیلئے حکومت نے کوئی موثر اقدامات نہیں کیے، حکومت نے صحت کا بجٹ بھی اورنج لائن ٹرین پر لگا دیا۔

درخواستگزار کا کہنا تھا کہ اب تک لاہور میں سوائن فلو سے 7 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، وبائی امراض کو روکنے کیلئے موثر اقدامات نہ کرنا حکومتی ناکامی ہے۔

درخواستگزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت  انفلوئنزا وائرس کے تدارک اور ذمہ دار وں کے خلاف کارروائی کا حکم دیاجائے۔

مزیدخبریں