ویب ڈیسک: پنجاب کے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا دکھی انسانیت کی خدمت کا ایک اور مشن پورا ہوگیا، پنجاب کا سب سے ابتر سروسز ہسپتال64برس بعد صرف ساڑھے 4ماہ میں سٹیٹ آف آرٹ ہسپتال بن گیا۔ سروسز ہسپتال کا سرجیکل بلاک،میڈیکل بلاک اور ایڈمن بلاک اپ گریڈ ہوگیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرجیکل بلاک،میڈیکل بلاک اور ایڈمن بلاک کا افتتاح کر دیا، محسن نقوی نے اپ گریڈ ہونے والے تمام بلاکس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اپ گریڈڈ بلاکس کے وارڈز میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کاجائزہ لیا، جدید بیڈز کی فراہمی پر اطمینان کااظہار کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نرسنگ کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور ڈاکٹرز رومز بھی دیکھے۔
محسن نقوی نے تمام آپریشن تھیٹرز جلد آپریشنل کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ اپ گریڈڈ بلاکس میں صفائی کی مستقل بنیادوں پر مینجمنٹ پر توجہ دی جائے۔
مریضوں کے ریکارڈ کا ڈیجیٹل ڈیٹا رکھنے والے نظام کا افتتاح:
پنجاب کے وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں مریضوں کے ریکارڈ کا ڈیجیٹل ڈیٹا رکھنے والے نظام کا بھی افتتاح کردیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اپ گریڈیشن کے اعلیٰ معیار کو سراہا، کہا کہ ایمرجنسی بلاک کے بعد آج سروسز ہسپتال کے اپ گریڈڈ ہونے والے مزید بلاکس کا افتتاح کیا ہے۔ 6ماہ قبل سروسز ہسپتال کا دورہ کیا تو صورتحال دیکھ کر انتہائی افسوس ہوا۔ سروسز ہسپتال کی حالت انتہائی ابتر تھی،میں نے کہا تھا کہ جتنے بھی ہسپتال وزٹ کئے، سب سے بری اور بدترین حالت سروسز ہسپتال کی تھی - یہ بھی کہا کہ کسی دشمن کو بھی سروسز ہسپتال کے آپریشن تھیٹر نہ بھیجوں لیکن الحمداللہ آج سروسز ہسپتال سٹیٹ آف آرٹ بن چکا ہے۔ اب فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ اس ہسپتال میں ہر کوئی آ کر اپنا علاج کرائے۔ پوری ٹیم کو اپ گریڈیشن پر مبارکباد دیتا ہوں۔
اپ گریڈیشن کے کام کے بارے میں بریفنگ:
سیکرٹری تعمیرات ومواصلات نے اپ گریڈیشن کے کام کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔ سیکرٹری صحت نے اپ گریڈڈ بلاکس میں علاج معالجے کی سہولتوں میں بہتری کے حوالے سے پنجاب کے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ جس پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کی تعمیر ہونے والی نئی لیب و ڈائیگناسٹک سنٹر کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، ساتھ ہی نئی لیب و ڈائیگناسٹک سنٹرکی جلد تکمیل کیلئے پرنسپل سمز کو ہدایات دیں۔
صوبائی وزراء عامر میر،منصور قادر،سیکرٹریز صحت، تعمیرات ومواصلات،اطلاعات، سی سی پی او، ڈپٹی کمشنر،ڈی جی پی ایچ اے،پرنسپل سمز، ایم ایس سروسز ہسپتال، سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اپ گریڈڈ بلاکس کے افتتاح کے بعد پنجاب کے وزیراعلیٰ کی میڈیا سے گفتگو :
وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کے اپ گریڈڈ بلاکس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 6 ماہ قبل سروسز ہسپتال کا دورہ کیا تو صورتحال دیکھ کر کہا تھا کہ دشمن کو بھی اس ہسپتال میں علاج کے لئے نہ بھیجیں۔الحمد للہ آج سروسز ہسپتا ل سٹیٹ آف دی آرٹ بن چکا ہے،اپ گریڈیشن پر ساڑھے 4ماہ لگے۔ سروسز ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے امور میں کچھ تاخیر ہوئی، بلڈنگ پر بھی کافی وقت لگا، الحمد للہ سروسز ہسپتال کی اب حالت بہترین ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سروسز ہسپتال کے 3 لاکھ 11ہزار سکوائر فٹ ایریا کی اپ گریڈیشن ہورہی ہے۔ سروسز ہسپتال کے مجموعی طورپر 1600بیڈز ہیں،24نئے سٹیٹ آف دی آرٹ آپریشن تھیٹرز بن رہے ہیں۔ صوبائی وزیر منصور قادر، سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور محکمہ صحت نے بہت محنت کی ہے۔ صوبائی وزیر منصور قادر دن میں 2،2بار بھی سروسز ہسپتال کا دورہ کرتے رہے ہیں۔ محکمہ تعمیرات و مواصلات سینکڑوں پراجیکٹس پر کام کررہاہے،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات ہمارے سٹار کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہسپتالو ں میں مہیا کی جانے والی ادویات کی قیمت بڑھی ہے لیکن بجٹ وہی ہے، آنے والی حکومت چاہے تو بجٹ بڑھا سکتی ہے۔ پنجاب حکومت 50ارب روپے کی ادویات خریدتی ہے۔ نرسز او رپیرا میڈیکس سٹاف کی تعداد بڑھائی جارہی ہے او رنرسز کو دیگر زبانوں کی تربیت بھی دی جارہی ہے۔ بڑی امید ہے کہ میرا صوبہ اور ملک اس سے 10گنا زیاد ہ ترقی کرے گا۔ جس دن تک میں وزیراعلیٰ ہوں، اپنے افسران کا دفاع کروں گا۔ 22فروری کو لاہور زو مکمل ہوجائے گا۔
کمشنر راولپنڈی کے متعلق گفتگو :
کمشنر راولپنڈی کے الزامات سے متعلق پوچھنے پر محسن نقوی نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر رپورٹ آنے سے پہلے بات نہیں کرنا چاہتا۔