وقاص احمد ، عابد چوہدری: شاہ عالم چوک میں ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیربالاج ٹیپو کی لاش ان کی رہائش گاہ پہنچا دی گئی، امیر بالاج کی رہائش گاہ اور دفتر کے اطراف کی دکانیں بند کردی گئیں۔
امیر بالاج کی لاش انکی رہائش گاہ پر موجود ہے، تعزیت کیلئے لوگوں کا ان کے گھر آنے کا سلسلہ جاری ہے۔لیگی رہنما بلال یاسین بھی تعزیت کے لیے امیر بالاج کے گھر پہنچ گئے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ امیر بالاج کی نمازِ جنازہ آج بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔
دوسری جانب امن امان برقرار رکھنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ایلیٹ فورس کی 4 گاڑیاں سیکورٹی پر لگائی گئی ہیں۔ شاہ عالم چوک میں امیر بالاج کی رہائش گاہ اور دفتر کے اطراف اور بیرون سرکلر روڈ سمیت دیگر مارکیٹ بند کردی گئی ہیں۔
امیربالاج ٹیپو کے قتل کے حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور کے موبائل فونز پر آنے اور جانے والی آخری دو دن کے نمبرز کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو بھجوادیا۔ حملہ آور کے موبائل فون سے ملنے والے نمبرز کی لوکیشنز حاصل کر کے مذکورہ افراد کو حراست میں لینے کے لیے چھاپے مارنے شروع کردیے ہیں۔ملزمان کی گرفتاری کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دیکر کارروائی کی جارہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے حملہ آور کی شناخت نہیں ہوسکی، نادرا سے رابطہ کرلیا گیا، حملہ آور کی شناخت جلد ہی کر لی جائے گی ۔ زخمی عثمان کی ہسپتال میں حالت نازک ہے۔
واضح رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ کل لاہور میں ایک شادی کی تقریب میں پیش آیا جہاں ٹیپو ٹرکاں والا کے 32 سالہ بیٹے کی موجودگی کی اطلاع پر وہاں پہنچنے والے نا معلوم حملہ آور نے امیر بالاج پر فائرنگ کردی، شادی کی تقریب میں نامعلوم حملہ آور کی فائرنگ سے امیر بالاج سمیت 3 افراد زخمی ہوئے، تینوں زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا، تاہم اس دوران امیر بالاج کی زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے موت واقع ہوگئی۔
واضح رہے کہ امیر بالاج نے الیکشن سے قبل مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی تھی۔