ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 66 رنز سے شکست دے دی

لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 66 رنز سے شکست دے دی
کیپشن: Lahore vs Islamabad
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:ہیری بروک کی شاندار سنچری نے لاہور قلندرز کو چھٹی کامیابی دلادی۔

لاہور قلندرز نے ہیری بروک کی شاندار ناقابل شکست سنچری کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 66 رنز سے ہرادیا ۔ لاہور قلندرز کی یہ ایونٹ میں چھٹی کامیابی ہے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں 198 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز ہی بناسکی۔ 

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ  کے تقریباََ تمام ہی بیٹرز آؤٹ آف کلر نظر آئے اور زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔ شاہین شاہ آفریدی نے اپنے ابتدائی اسپیل میں وکٹیں حاصل کرنے کی روایت بھی برقرار رکھی اور دو اوورز پر مشتمل اپنے پہلے ہی اسپیل میں دونوں اوپنرز رحمٰن اللہ گرباز اور مبصر خان کو پویلین کی راہ دکھا ئی۔

رحمٰن اللہ گرباز 20 اور مبصر خان 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔چوتھے نمبر پر میدان میں اترنے والے لیام ڈاسن نے کچھ مزاحمت ضرور کی تاہم وہ بھی 31 کے انفرادی اسکور پر زمان خان کی گیند ہیری بروک کو کیچ دے بیٹھے۔ کپتان آصف علی اور محمد وسیم 12،12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اعظم خان 10 جبکہ فہیم اشرف اور مرچنٹ ڈی لانگے دو دو اسکور بناکر آؤٹ ہوئے۔مڈل آرڈر بیٹر دانش عزیز 30 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔راشد خان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہیری بروک کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائےتھے۔ انگلش کرکٹر ہیری بروک نے 49 گیندوں پر 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹورنامنٹ کی تیسری سنچری اسکور کی۔ اس سے قبل فخر زمان اور رائیلی روسو بھی ایڈیشن 2022 میں سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔

ہیری بروک کی اننگز میں 5 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے چوتھی وکٹ کے لیے فخر زمان کے ہمراہ 101 رنز کی شراکت قائم کی۔فخر زمان نے 41 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ اوپنر کی یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں چھٹی نصف سنچری ہے۔فہیم اشرف نے تین جبکہ لیام ڈاسن اور ظاہر خان  نے ایک ایک وکٹ  حاصل کی۔

Abdullah Nadeem

کنٹینٹ رائٹر