قومی ہاکی ٹیم کی کھلاڑی افشاں نورین کرکٹر محمد رضوان کی فین نکلیں

19 Feb, 2022 | 11:02 AM

نشتر پارک (سٹی42) ٹیسٹ کرکٹر احسان عادل کی بہن اور قومی ہاکی ٹیم کی کھلاڑی افشاں نورین کرکٹر محمد رضوان کی فین نکلیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کا قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والے میچ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انٹرنیشنل ہاکی پلیئر افشاں نورین نے کہا کہ آج میں پہلی بار کرکٹ میچ دیکھنے آئی ہوں، مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ انٹرنیشنل کھلاڑی لیگ کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میچ سے لطف اندوز تو ہوئی ہوں لیکن میری خواہش تھی کہ میں اپنے بھائی کو کھیلتا ہوا دیکھوں کیونکہ میرا بھائی احسان عادل سے وعدہ تھا کہ میں ان کے ساتھ ہی میچ دیکھوں گی۔افشاں کا کہنا تھاکہ مجھے 'ہمارے ہیروز' کے سلسلے میں اسٹیڈیم آنا پڑا تو احسان عادل نے کہا کہ افشاں آج تم وعدہ توڑ رہی ہو لیکن مجھے اسٹیڈیم آنا تھا تو بھائی کی کمی محسوس کررہی ہوں، کاش وہ بھی کھیل رہے ہوتے۔

انہوں نے کہاکہ جس طرح کرکٹ کو فروغ دیا جا رہا ہے، امید ہے ہاکی بھی اسی طرح بحال ہوگی، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور ہمارے وزیر اعظم خود ایک کھلاڑی ہیں لہٰذا انھیں چاہیے کہ وہ ہاکی کو بھی فروغ دیں۔

 اپنے پسندیدہ کرکٹر کے حوالے سے افشاں نورین نے بتایا کہ محمد رضوان پسندیدہ کھلاڑی ہیں اور میری خواہش ہے میں ان سے ملاقات کروں، میں ان کی  مداح ہوں اور وہ گراؤنڈ میں جس طرح سب سنبھالتے ہیں میں ان سے سیکھنا چاہتی ہوں۔

مزیدخبریں