(زین مدنی)پنجاب آرٹس کونسل نے تیس پنجابی گانوں کی فہرست جاری کر دی جو تھیٹر ڈراموں میں نمائش پذیر نہیں ہوں گے اور کوئی بھی اداکار ، اداکارہ یا خواجہ سراء اس پر پرفارم نہیں کر سکے گا.
تفصیل کے مطابق پنجاب آرٹس کونسل نے 30 گانوں کی ایک فہرست جاری کی ہے جس میں 30 پنجابی گانے شامل ہیں جن کی تھیٹر ڈراموں میں پرفارمنس پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ تمام30 گانوں سے عریانی اور فحاشی پھیلتی تھی جس کی متعدد شکایات موصول ہوئیں جس پر اب ان گانوں پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس پر کوئی بھی اداکار ، اداکارہ یا خواجہ سراء پرفارم نہیں کرے گا اور نہ ہی سنسر ٹیم ان گانوں کو سنسر کرے گا۔
قبل ازیں بے ہودہ حرکات اور فقرے کسنے پر فنکار کے خلاف گھیرا تنگ کیاگیا، محکمہ داخلہ پنجاب نے پانچ سٹیج فنکاروں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا تھا، ڈی سی لاہور نے فنکاروں پر پابندی لگانے کا مراسلہ محکمہ داخلہ کو بھیج دیا۔سٹیج اداکارہ ایمن ملک، نرالا چن، علی گلریز، سلیم بلا اور نگینہ بھٹی پر پابندی لگائی جائے گی، مذکورہ فنکاروں پر سٹیج پر فحش حرکات کرنے کا الزام ہے۔
واضح رہے کہ سٹیج ڈرامہ انڈسٹری شہریوں کی تفریح کا ذریعہ تھا، ایک زمانہ تھا کہ پاکستان میں بامقصد سٹیج ڈرامے پیش کیے جاتے تھے، ان ڈراموں کو دیکھنے کیلئے لوگ فیملی کے ساتھ آتے تھے، مگر اب بدقسمتی سے جگت بازی، ذومعنی جملے، بے ہودہ ڈانس نے اسے مثبت اور تخلیقی سرگرمی نہیں رہنے دیا، سٹیج ڈرامے ہماری نوجوان نسل میں فحاشی کو فروغ دینے میں پیش پیش ہیں، ان کی وجہ سے ہماری نوجوان نسل بربادی اور تباہی کی جانب بڑھ رہی ہے۔