(اکمل سومرو)ترقیوں کے لئےٹریننگ کورس میں عدم شرکت کی سزا،محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے 219 خواتین لیکچررز کی 18 ویں گریڈ میں ترقیاں مسترد کر دیں۔ ترقیاں ٹریننگ کورس مکمل کرنے سے مشروط کردیں۔
تفصیل کے مطابق محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے سرکاری کالجز کی خواتین لیکچررز کی 18 ویں گریڈز میں ترقیاں مسترد کر دی ہیں۔ لاہور سمیت صوبے بھر کی 219 خواتین لیکچررز کی ٹریننگ کورس میں عدم شرکت پر ترقیاں روک دی گئیں۔ ترقیوں کیلئے مسترد شدہ کیسز کی فہرست محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے جاری کر دی ہے۔ خواتین اساتذہ کو اسسٹنٹ پروفیسرز کے عہدوں پر ترقیوں کے لئےٹریننگ کورس کرنا ہوگا۔
محکمہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق اگلے گریڈز میں ترقیاں ٹریننگ سے مشروط ہیں۔ کالج اساتذہ کے ٹریننگ کورس پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تحت ہوں گے۔ ٹریننگ کورس مکمل کرنے کے بعد اساتذہ کی ترقیوں کے کیسز پرموشن بورڈ میں دوبارہ رکھے جائیں گے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں حکومت پنجاب نے لاہور سمیت صوبے بھر کے 105 خواتین اساتذہ کو گریڈ 20 میں ترقیاں دیں تھیں، اساتذہ کی پروفیسر کے عہدوں پر ترقیوں کے احکامات جاری ہوچکے ہیں۔محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن حکومت پنجاب نے ایک نوٹی فکیشن جاری کیاتھاجس کے مطابق 105 ایسوسی ایٹ پروفیسرز خواتین کو ترقی دیکر پروفیسر بنا دیا گیا ہے زیادہ تر خواتین کو اسی کالج میں ایڈجسٹ کر دیا گیا ہے جہاں وہ کام کر رہی تھیں۔
محکمہ نے خواتین اساتذہ کو آپشن لے کر ٹرانسفر بھی کیا ہے۔ چند ایک کو جن کی ابھی سروس کافی بقیہ تھی ٹرانسفر کر کے ایڈجسٹ کیا گیا ہے۔ سرکاری کالجوں کے اساتذہ پانچ برس سے ترقیوں کی منتظر تھیں۔