لیسکو کا بجلی کی تاروں کو زیر زمین کرنے کا فیصلہ

19 Feb, 2021 | 02:25 PM

Sughra Afzal

(شاہد ندیم سپرا) لیسکو نے بیوٹیفکیشن آف لاہور پراجیکٹ کے تحت مین مارکیٹ گلبرگ میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز کو زیرزمین کرنے کا فیصلہ کرلیا، لبرٹی طرز پر مارکیٹ کے اطراف میں بجلی کے تمام پولز کو ہٹا دیا جائے گا۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے مین مارکیٹ گلبرگ میں بجلی کی تاروں کو زیرزمین کرنے کا فیصلہ کرلیا، ضلعی انتظامیہ نے بیوٹیفکیشن آف لاہور منصوبے کے تحت تاروں کو ہٹانے کی درخواست کی تھی جس کی بنیاد پر لبرٹی گول چکر کی طرز پر مین مارکیٹ کے اطراف میں بجلی کے نظام کو زیر زمین کیا جائے گا، لیسکو کی کنسٹرکشن ڈویژن کے سٹاف کی مدد سے منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

 ذرائع نے بتایا ہے کہ مین مارکیٹ گلبرگ سے تاروں کو زیر زمین کرنے کیلئے لاکھوں روپے کی لاگت آئے گی، زیر زمین پولز اور ٹرانسمیشن لائنز کی منتقلی کے اخراجات ضلعی انتظامیہ کو ادا کرنا ہوں گے، لیسکو نے مین مارکیٹ پر ٹرانسمیشن سسٹم کو زیر زمین کرنے کیلئے ڈیزائن پر کام شروع کر دیا، زیر زمین سسٹم ہونے کے بعد مین مارکیٹ میں کرنٹ لگنے کے خدشات کم ہو جائیں گے جبکہ علاقے کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔

دوسری جانب لیسکو میں سسٹم اپ گریڈیشن کے لئے کروڑوں روپے مالیت کا ناقص میٹریل خریدنے کا انکشاف ہوا ہے، ناقص میٹریل خریدنے کی وجہ سے کمپنی کو 49 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا، لیسکو نے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لئے 200 کے وی کے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر کی خریداری کی تھی۔

مزیدخبریں