(سٹی 42) باغوں کے شہر لاہور میں دھند اور سموگ نے ڈیرے ڈال لیے جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوگئے، حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ کو بند کردیا گیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں دھند اور سموگ نے ہر منظر دھندلا دیا، دھند اور سموگ کے باعث لاہور سے سیالکوٹ تک موٹروے کو ہرقسم کی ٹریفک کےلیے بند کردیا گیاجبکہ حد نگاہ کم ہونے کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ کو بھی پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا، شہر کے خارجی و داخلی راستے بھی دھندلے پڑ گئے ، لاہور کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس نےشہریوں کوغیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی، موٹروے پولیس کے مطابق شہری سفر شروع کرنےسے پہلے ہیلپ لائن 130سےمدد لیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہرمیں کم سےکم درجہ حرارت11 اور زیادہ سے زیادہ 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوامیں نمی کا تناسب 93 فیصد ہےجبکہ سورج اور بادلوں کی آج مچولی بھی جاری رہے گی، اس کے علاوہ شہر کی فضا میں آلودگی بڑھتی جارہی ہے, آج ائیرکوالٹی انڈیکس 234 تک ریکارڈ کیا گیا ۔