پولیس افسران و اہلکاروں کیلئے بڑی خبر

19 Feb, 2021 | 09:52 AM

Sughra Afzal

لوئر مال (علی ساہی) پولیس افسران و اہلکاروں کے لئے بڑی خبر، اب پورا ہفتہ ڈیوٹی نہیں کرنی پڑے گی، آئی جی پنجاب نے ہفتہ میں ایک چھٹی لازمی قرار دیدی۔

آئی جی پنجاب انعام غنی نے کانسٹیبل سے لے کر ایس ایچ اوز تک کیلئے ہفتہ وار چھٹی لازمی قرار دیتے ہوئے تمام ڈی پی اوز کو ہفتہ وار چھٹی کا روسٹر سسٹم میں اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کردی، پہلے مرحلے میں لاہور سمیت بڑے شہروں کے جوانوں کو پیر سے چھٹی ملے گی، اگلے ہفتے سے پورے پنجاب میں ہفتہ وار چھٹی کا نظام لاگو کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب سابق آئی جی شعیب دستگیر کے دور میں  6 ایس پیز کو عارضی بنیادوں پر دی گئیں ترقیاں واپس لے لی گئی ہیں، چند روز قبل ہونیوالے ڈی ایس پی سے ایس پیز کی ترقیوں کے اجلاس میں 6 ایس پیز کی تنزلی کردی گئی، ان افسروں میں ایس پی سول لائنز شمس الحق درانی، ایس پی انویسٹی گیشن قصور ملک اویس، ایس پی مطیع اللہ، ایس پی فرخ حفیظ، ایس پی قاسم خان اور ایس پی مسعود گجر شامل ہیں۔

علاوہ ازیں 16 ڈی ایس پیز کی ایس پیز کے عہدے پر ترقی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا، ترقی پانے والوں میں انور سعید طاہر، ملک طارق محبوب، خالد محمود، نعیم عزیز، فاروق احمد انور، غلام مصطفیٰ، فیصل سلیم، خالد رشید، طیفور اختر، طاہر مقصود، اسد اللہ، رانا شاہد پرویز، عبداللطیف طاہر، فاروق احمد ہندل، ملازم حسین اور ظہیر احمد شامل ہیں، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی شاہد حنیف نے انسپکٹر ملک محمد اقبال کو ڈی ایس پی کے بیجز لگائے۔

ایڈیشنل آئی جی اظہر حمید کھوکھر کا کہنا ہے کہ ایس پیز کی سیٹیں کم ہونے پر مذکورہ افسروں سے عارضی ترقیاں واپس لی ہیں، جن افسران کی ترقیاں واپس لی گئی ہیں، ان کو آن پے سکیل پر ایس پیز لگایا جائے گا، افسران کی ترقیاں قانون کے مطابق واپس لی گئی ہیں۔

 

مزیدخبریں