عابد چوہدری: مناواں پولیس ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو قابو نہ کر سکی۔ مناواں میں جرائم پیشہ افراد نے علاقے میں اپنی دہشت برقرار رکھنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی اور پھرسوشل میڈیا پر ویڈیو بھی اپلوڈ کر دی، جبکہ پولیس کوئی کارروائی نہ کر پائی۔
تفصیلات کے مطابق مناواں پولیس ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے سامنے بے بس ہوگئی ہے، ذرائع کے مطابق مناواں میں جرائم پیشہ افراد کی جانب سے علاقے میں دہشت برقرار رکھنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی جاتی ہے۔
شہباز گجر اور اویس گجر نامی شہری روزانہ کی بنیاد پر ہوائی فائرنگ کرتے ہیں، جبکہ ملزمان ہوائی فائرنگ کے بعد ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتے ہیں۔
سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہونے والی ویڈیوز میں دونوں ملزمان کو اندھا دھند ہوائی فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم ویڈیوز موجود ہونے کے باوجود پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات معمول بن چکے ہیں۔ آئے روز واقعات رپورٹ ہوتے ہیں لیکن پولیس کی جانب سے ایسی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی سے ملزمان کو نصیحت ہو سکے۔
علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر علاقہ میں نہ صرف اپنی دہشت بنانے کیلئے ایسے عوامل کرتے ہیں بلکہ شہریوں سے لوٹ مار کر کے ان کو پیسوں اور قیمتی چیزوں سے بھی محروم کر دیا جاتا ہے۔ اعلی حکام کو ایسے عناصر کے خلاف شکنجہ مزید تنگ کرتے ہوئے نشان عبرت بنانا چاہیے تا کہ آئندہ کوئی ایسے عوامل کا حصہ نہ بن سکے۔
مناواں پولیس ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو قابو نہ کر سکی
19 Feb, 2020 | 06:44 PM