ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی نے مہنگائی کا توڑ ڈھونڈ لیا

19 Feb, 2020 | 04:40 PM

Shazia Bashir

راؤ دلشاد: ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کا شہر کے بارہ اورصوبہ بھر کے بتیس ماڈل بازاروں میں یوٹیلٹی سٹورز کے اسٹالز لگانے کا فیصلہ، شہر کے بارہ ماڈل بازاروں میں یوٹیلٹی سٹورز کے بڑے سٹالز لگوانے کے لیے ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن پاکستان کومراسلہ جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی نے مہنگائی کا توڑ ڈھونڈ لیا وفاقی حکومت کے ریلیف پیکج  کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے ماڈل بازاروں میں یوٹیلٹی سٹورز کے اسٹالز لگوانے کا فیصلہ کیا گیا یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی منظوری کے بعد لاہورسمیت پنجاب بھر کے 32 ماڈل بازاروں میں یوٹیلٹی سٹورز کے بڑے سٹالز لگائے جائیں گے۔

صارفین سرکاری نرخنامے کےمطابق ایک سوپچاس سے زائد اشیاء خورونوش خرید سکیں گے ماڈل بازاروں سے اشیاء خورونوش خریدنے والے صارفین کو یوٹیلٹی سٹورز پر فروخت ہونے والی اشیاء مل سکیں گی ماڈل بازارمینجمنٹ کمپنی نے ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورزپاکستان کو مراسلہ جاری کردیا۔

مراسلہ کے متن کے مطابق ماڈل بازاروں میں شہریوں کو سرکاری نرخنامے کے مطابق معیاری اشیاء ضروریہ فراہم کی جاتی ہیں، شہریوں کو اوپن ایریا میں میعاری اشیاء خورونوش کی فروخت کے لیے یوٹیلٹی سٹورز کے اسٹالز ناگزیر ہیں، ماڈل بازاروں میں یوٹیلٹی سٹورزکو انتہائی کم ریٹ پر اسٹالز فراہم کیےجائیں گے۔

یوٹیلٹی سٹورز کے قیام سے ماڈل بازاروں میں چینی، آٹا، گھی، دالیں، مصالحہ جات، مشروبات، آئل، چائے پتی، نمک، بیسن سمیت دیگراشیاء خورونوش فروخت ہوں گی، پنجاب بھر کے 32 ماڈل بازاروں میں سالانہ چار کروڑ تیس لاکھ صارفین خریدوفروخت کرتے ہیں۔

ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کو بتایا گیا کہ لاہور کے بارہ ماڈل بازاروں میں ماہانہ 13لاکھ صارفین خریداری کرتے ہیں۔

             

مزیدخبریں