سٹی42: بچوں کو بھیک مانگنے کے لئے اپاہج کرنے کی سزا دس سال کر دی گئی۔ پنجاب کی صوبائی کابینہ نے پاڑہ چنار کے شہریوں کے لئے ادویات اور امدادی سامان بھیجنے کے ساتھ کئی اہم امور پر بڑے فیصلے کئے ہیں۔
پنجاب کابینہ نے پارا چنار کے لیے ادویات اور دیگر امدادی سامان بھیجنےکی منظوری دے دی۔
لاہور میں پنجاب کی صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ مریم نواز کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں پاڑہ چنار کے لوگوں کی درخواست پر ادویات اور دیگر سامان بھیجنے کی منظوری دی گئی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کابینہ کے ارکان کو اپنے عوامی جمہوریہ چین کےحالیہ دورہ کے متعلق سرسری آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چین کی 60 بڑی کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ پنجاب کی ھکومت چین مین کینسر کے علاج کے لئے رائج طریقہ کار کو پنجاب میں بھی رائج کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ اس طریقہ علاج کا پائلٹ پروجیکٹ جلد شروع کیا جا رہا ہے۔
پنجاب کی صوبائی کابینہ نے ورلڈ بینک کی مالی امداد سے پنجاب کلین ایئر پروگرام کی منظوری بھی دی جس کےتحت الیکٹرک بسیں، الیکٹرک بسوں کے چارجنگ سٹیشن تعمیر کرنے، سپر سیڈر اور کئی دوسرے ملٹی سیکٹوریل اقدامات کیے جائیں گے ۔
کابینہ نے پاکستان کی پہلے گرین بلڈنگ پراجیکٹ کی تکمیل کی منظوری بھی دی ۔
وزیراعلی نے ہدایت کی کہ کسان دوست گندم پالیسی متعارف کرائی جائے۔
کابینہ نے سال25-2024 کےگندم اجرا پالیسی اور ہسپتالوں میں مفت ادویات کے لیے فنڈز کی منظوری بھی دی۔
کابینہ نے بچوں سے بھیک منگوانےکے لیے اپاہج کرنےکی سزا ایک سال سے بڑھا کر 10سال کر دی۔
مریم نواز نے اپنے چین کے دورہ کے متعلق تاثرات کابینہ کے ساتھیوں سے شئیر کرتے ہوئے کہا، کہ چین کے سکولوں، ہسپتالوں اور سڑکوں پرکوئی کاغذ تک پڑا نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا الٹراساؤنڈ جتنی بڑی مشین میں لیکوڈ نائٹروجن سے کینسر ٹیومر کو ختم کیا جا سکتا ہے، چین کی یہ جدید ترین تکنیک اپنانے سے کیمو تھراپی کی ضرورت نہیں پڑتی، پنجاب میں بھی کینسر کے چینی علاج کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔