پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، آصف علی زرداری

19 Dec, 2024 | 06:42 PM

ویب ڈیسک : صدر مملکت آصف علی زرداری سے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین اور ارکان کے وفد کی ملاقات ہوئی ۔ 

ملاقات میں صدر مملکت نے سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پارلیمانی تعاون ، اعلیٰ سطحی تبادلےبڑھانے کی ضرورت ہے ، پارلیمانی تعاون سے پاک-سعودی عرب برادرانہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔ 

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں ، پاک-سعودی عرب تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر استوار ہیں،  دونوں ممالک کے مابین اقتصادی ، سرمایہ کاری تعاون بڑھانے کی مزید گنجائش موجود ہے۔ 

صدر مملکت نے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے ، اسرائیلی جارحیت سے پیدا ہونے والی مشرق وسطیٰ کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، کہا کہ پاکستان فلسطین، لبنان اور شام سے تعلق رکھنے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے ۔

صدر آصف علی زرداری نے خادمین حرمین شریفین اور شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا، انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت، تندرستی اور درازی عمر کے لیے دعاگو ہیں ۔ 

ملاقات میں فریقین نے دیرینہ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ، اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت پر زور کیا ۔ چیئرمین شوریٰ کونسل نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ۔ چیئرمین شوریٰ کونسل نے شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے صدر کی صحت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ 

مزیدخبریں