عمرے کی آڑ میں گداگری کیلیے سعودی عرب جانے والے 4 مسافر گرفتار

19 Dec, 2024 | 01:54 PM

ویب ڈیسک:ایف آئی اے امیگریشن  نے عمرے کی آڑ میں گداگری کے لیے سعودی عرب جانے والے 4 مسافروں کوکراچی ائیرپورٹ پر گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر گرفتار ملزمان میں ثناء اللہ ، فیض محمد ، گل حسن اور لعل محمد شامل ہیں۔ ملزمان عمرہ ویزے پر گداگری کے لیے سعودی عرب جا رہے تھے۔ ملزمان کا تعلق جعفر آباد، نصیر آباد، قمبر شہدادکوٹ اور رحیم یار خان کے مختلف علاقوں سے ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن کلیرینس کے دوران ملزمان کو مشکوک پایا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزمان عمرہ ادا کرنے کی بنیادی طریقہ کار سے مکمل طور پر نا واقف نکلے۔ ملزمان رہائش اور ہوٹل بکنگ کے حوالے سے بھی کسی قسم کی دستاویزات دینے میں ناکام رہے۔

ملزمان کے پاس سفری اخراجات کے لئے بھی رقم نہیں تھی۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں