ویب ڈیسک:گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی ہنگامہ آرائی کیس میں عمر ایوب اور زرتاج گل کی عبوری ضمانتوں میں 17 جنوری تک توسیع کر دی۔
اے ٹی سی گوجرانوالہ میں 9 مئی ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، زرتاج گل عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ عمر ایوب آج پیش نہ ہو سکے،اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی طرف سے حاضری استثنیٰ کی درخواست عدالت میں پیش کی گئی،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسلام آباد سمیت مختلف عدالتوں میں آج پیشی کے باعث گوجرانوالہ پیش نہیں ہوسکتا جس پر عدالت نے عمر ایوب کی آج کی حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی،عدالت نے عمر ایوب اور زرتاج گل کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے 17 جنوری تک سماعت ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ عمر ایوب اور زرتاج گل کے خلاف تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج ہے، ایف آئی آر میں ملزمان پر توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی سازش کا الزام ہے۔