سردی کی نئی لہر ، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

19 Dec, 2024 | 11:48 AM

فریحہ بتول: محکمہ موسمیات نے 24 اور 25 دسمبر کو شہر میں مزید ٹھنڈی ہواؤں کی لہر کی پیشگوئی کی ہے۔

 چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ شہر  لاہور میں رواں ماہ بارش کا کوئی امکان نہیں تاہم ٹھنڈی ہواؤں کی ایک اور لہر داخل ہوگی۔   شہر  لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں کمی نہ آ سکی، اور لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 257 ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی لاہور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔سرد ہواؤں کے باعث شہر میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر لاہور کاموجودہ درجہ حرارت17ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کم سےکم درجہ حرارت11ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاجانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 44 فیصد ہے ۔ 5کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کے بلند مقامات پر درجہ حرارت مائنس میں بھی جا سکتا ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ سردار سرفراز نے شہریوں کو سردی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 محکمہ موسمیات نے کراچی میں 24گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے اور رات میں سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد ہے اور شمال مشرق سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

کراچی کا فضائی معیار تاحال مضر صحت قرار دیا گیا ہے، اور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دسویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چھٹے نمبر پر ہے، جہاں ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 172 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔کراچی کے آلودہ ترین علاقوں میں گلشن اقبال سر فہرست ہے، اس کے بعد کورنگی اور شاہراہ فیصل کا نمبر آتا ہے۔موسم کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی کے بڑھتے اثرات پر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
 دوسری جانب  بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شدید سرد رہے گا۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ ژوب میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 اور زیارت میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 5 اور تربت میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اور چمن میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 اور جیوانی میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز تک بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

مزیدخبریں