بند روڈ کنٹرولڈ ایکسیس کوریڈور منصوبہ: کنٹریکٹرز اور شہری مسائل کا شکار

19 Dec, 2024 | 11:32 AM

دور نایاب : بند روڈ کنٹرولڈ ایکسیس کوریڈور منصوبہ اب کنٹریکٹرز کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لیے بھی مسائل کا باعث بن گیا ہے، کیونکہ وزیراعلیٰ اور پی اینڈ ڈی کی منظوری کے باوجود بقیہ فنڈز کی ریلیز میں تاخیر ہو رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق، منصوبے میں شامل سروس لینز کی کشادگی کا کام ابھی تک لٹکا ہوا ہے، اور سابق نگران حکومت میں ہونے والے تعمیراتی کاموں کی ادائیگیاں بھی زیر التوا ہیں۔ موجودہ حکومت کے دوران مکمل ہونے والے بقیہ کاموں کے لیے 70 کروڑ روپے کے فنڈز واجب الادا ہیں، لیکن ایل ڈی اے حکام نے پی اینڈ ڈی کو منظور شدہ فنڈز کے اجرا کے لیے متعدد مراسلے ارسال کیے ہیں، جن کا ابھی تک کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

پی اینڈ ڈی حکام کی جانب سے 70 کروڑ روپے کے فنڈز کے اجرا کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، تاہم وہ پوری نہیں کی جا رہی۔ ذرائع کے مطابق پی اینڈ ڈی حکام اب 70 کروڑ روپے کی بجائے کٹ لگا کر فنڈز جاری کرنے کی بات کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ، سروس لینز کی کشادگی کے لیے وزیراعلیٰ کو بھجوائی گئی سمری بھی التوا کا شکار ہے، جس کی وجہ سے بابو صابو کے قریب آنے اور جانے والی سروس لین پر ٹریفک جام معمول بن چکا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ منصوبہ جس کے تحت لاہور کی ٹریفک کو بہتر بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا، اب فنڈز کی کمی اور کاموں کی تاخیر کی وجہ سے شہریوں کے لیے مسائل پیدا کر رہا ہے۔
 

مزیدخبریں