پاراچنار: مرکزی شاہراہ اور آمدورفت کے راستے 70روز سے بند، شہری شدید مشکلات کا شکار

19 Dec, 2024 | 11:18 AM

محسن شیرازی:  پاراچنار میں مرکزی شاہراہ سمیت اہم آمدورفت کے راستے 70دن سے بند ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ایم این اے حمید حسین کے مطابق راستوں کی بندش کی وجہ سے روزمرہ استعمال کی اشیاء خوراک اور ادویات کی شدید کمی ہوگئی ہے اور بازاریں مکمل طور پر بند ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دکانوں کی بندش کے ساتھ ساتھ تندور اور ہوٹل بھی بند ہونے کے باعث شہری خوراک سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔ مزید برآں علاج نہ ملنے کے سبب بچوں اور دیگر مریضوں کی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔

ایم این اے حمید حسین نے اس صورتحال کو ذمہ داروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان قرار دیتے ہوئے کہا کہ 70دن سے راستوں کی بندش اور مرکزی شاہراہ پر مسافروں کے قتل پر خاموش رہنا اور اب بھی راستے نہ کھولنا انصاف کے منافی ہے۔

انہوں نے حکومت سے فوری طور پر راستوں کو کھولنے کی اپیل کی اور کہا کہ اگر یہ راستے جلدی نہ کھولے گئے اور عوام کی حفاظت کو یقینی نہ بنایا گیا تو وہ احتجاجی تحریک شروع کر دیں گے۔

فیصل ایدھی نے بتایا کہ ایدھی ائیر ایمبولینس کے ذریعے ادویات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جرگہ ممبران دوبارہ کوہاٹ پہنچ گئے ہیں اور مثبت پیش رفت کی اُمید ہے۔

مزیدخبریں