انسداد سموگ کارروائیاں، خلاف ورزیوں پر 18کروڑ سے زائد کے جرمانے

19 Dec, 2024 | 09:39 AM

علی ساحی: ٹریفک پولیس پنجاب نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی ہیں۔

 ایڈیشنل آئی جی ٹریفک، مرزا فاران بیگ کی ہدایت پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے۔ رواں ماہ کے دوران 93 ہزار سے زائد گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے، جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں سے 18 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے وصول کیے گئے۔

ٹریفک پولیس کی کارروائیوں کے دوران 96 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کیے گئے اور 63 گاڑیوں کے روٹ پرمٹ معطل کیے گئے۔ اس کے علاوہ 56 گاڑیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی اور 13 ہزار سے زائد گاڑیوں کو دھواں چھوڑنے پر بند کیا گیا۔ 17 ہزار سے زائد ریت مٹی سے لوڈڈ ٹریکٹر ٹرالیاں بھی آلودگی کا باعث بننے پر بھاری جرمانے کی زد میں آئیں۔

ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جا رہا ہے تاکہ پنجاب کو سموگ فری بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو سموگ فری پنجاب کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے اور حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کروایا جا رہا ہے۔

مرزا فاران بیگ نے کہا کہ گاڑیوں سے نکلنے والا زہریلا دھواں نہ صرف بیماریوں کا سبب بنتا ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ ہمیں اپنے ماحول کو بچانے کے لیے گاڑیوں سے نکلنے والے زہریلے دھوئیں کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

مزیدخبریں