فواد خان امریکی ویب سیریز مس مارول کا حصہ بن گئے

19 Dec, 2021 | 10:46 AM

Sughra Afzal

رائل پارک (زین مدنی) پاکستان کے معروف اداکار فواد خان نے کئی ماہ سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے بعد آخرکار جلد ریلیز ہونے والی امریکی ویب سیریز مس مارول کا حصہ بننے کی تصدیق کردی۔

بھارت کے فلم کمپینین پروگرام کی میزبان انوپما چوپڑا کو دیئے گئے انٹرویو میں فواد خان نے اپنے بالی وڈ کیریئر پر گفتگو کی اور امریکی ویب سیریز میں کام کرنے کی تصدیق بھی کی۔ فواد خان نے کہا کہ اب تو میں جھوٹ نہیں بول سکتا، انہوں نے خود خبر لگا دی ہے۔

انٹرویو کے دوران فواد خان نے اپنی آنے والی فلموں کے بارے میں بھی بتایا۔ فواد کا کہنا تھا کہ ان کی فلمیں مولا جٹ اور ایک کامیڈی فلم تیار ہیں اور وہ پرامید ہیں کہ لوگ ان فلموں کو پسند کریں گے۔ فواد خان کے مطابق ان کی یہ تینوں فلمیں ایک دوسرے سے یکسر مختلف ہیں اور جب لوگ ان فلموں میں ان کے مختلف کردار دیکھیں گے تو وہ اپنے مداحوں کے ردعمل کے منتظر ہیں۔

انہوں نے ڈرامہ سیریل زندگی گلزار ہے کی ساتھی اداکارہ صنم سعید کے ساتھ اداکاری سے متعلق کہا کہ وہ صنم کے ساتھ دوبارہ اسکرین پر نظر آئیں گے، تاہم انہوں نے پروجیکٹ کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

بالی وڈ میں کام کرنے کے تجربے سے متعلق فواد خان نے کہا کہ انہیں بالی وڈ کی یاد آتی ہے اور وہاں انہوں نے بہت اچھے دوست بھی بنائے ہیں.دونوں ممالک کے مابین موجود کشیدہ صورتحال کو فنکار دوریوں کو کیسے ختم کر سکتے ہیں کے سوال پر فواد خان کا کہنا تھا کہ فنکاروں کو مل کر کام کرنا چاہیے اور اس سے دوستی بھی بڑھتی ہے،لوگوں کے درمیان تعلق بڑھتا ہے اور یہ ہر لحاظ  سے فائدہ مند ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ مس مارول ویب سیریز کی کہانی کمالہ خان نامی سپر ہیرو پر مبنیٰ ہے جسے پاکستانی نژاد لڑکی کے کردار میں دکھایا گیا۔ 

مزیدخبریں