کورونا کے وار تیز، مسیحی برادری کیلئے گائیڈ لائنز جاری

19 Dec, 2020 | 08:39 PM

Arslan Sheikh

( سٹی 42 ) این سی او سی نے کرسمس کیلئے گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں، گائیڈ لائنز کا مقصد کرسمس پر شہریوں کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ شہری کرسمس کی چھٹیوں کے دوران غیر ضروری سفر اور غیرضروری تقریبات سے گریز کریں۔ کرسمس شاپنگ کیلئے بازار میں رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں اور گرجا گھروں میں کرسمس عبادات میں ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے۔

ایس او پیز کے مطابق گرجا گھروں میں عبادات کے دوان افراد میں ایک میٹر کا فاصلہ رکھا جائے۔ گرجا گھروں میں عبادات کیلئے آنے والوں کیلئے فرش پہ نشانات لگائے جائیں۔ کرسمس دعا میں شرکاء کے مابین ایک میٹر فاصلہ رکھا جائے۔

اسی طرح کرسمس دعا میں شریک ہر شخص کو سرجیکل ماسک پہننا جائے۔ چرچ کی دعا میں 15 سال سے کم عمر بیمار اور بوڑھے اور بچوں کی حوصلہ شکنی کریں۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب کی زیر صدارت کرسمس اور نیو ائیر نائٹ کے سکیورٹی پلان بارے سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس ہوا۔ آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا تھا کہ عبادت گاہوں سمیت دیگر اہم عوامی مقامات کا سکیورٹی پلان ہر پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جائے۔ سینئر افسران خود فیلڈ میں جا کر حساس گرجا گھروں کی سکیورٹی ڈیوٹی کی چیکنگ اور مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔

بڑے شہروں میں ٹریفک پلان ترتیب دیتے وقت گنجان آباد علاقوں اور رش والی شاہراہوں کو بطور خاص نظر میں رکھیں، نیو ائیر نائٹ پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف بلا تاخیر کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت تمام بڑے شہروں میں نیوائیر نائٹ پر ہلڑ بازی روکنے اورسکیورٹی کیلئے سپیشل سکواڈزتشکیل دئیے جائیں۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ون ویلنگ کے عادی ملزمان کے والدین سے قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے بارے شوئیرٹی بانڈز لئے جائیں۔ صوبہ بھر میں زہریلی شراب، آئس اور دیگر منشیات بیچنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کو تیز کیا جائے۔ ڈولفن، پیرو سمیت دیگر پٹرولنگ فورس کے گشت کے ذریعے مانیٹرنگ اور نگرانی کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے۔ 

مزیدخبریں