علی رامے: میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور میں پنشن اورالاونسز کے نام پر 38 کروڑ روپے کی بندر بانٹ، پنشن کے نام پر مختص شدہ رقم کی بجائے پچیس کروڑ روپے کی اضافی تقسیم اور الاونس کے نام پر 15 کروڑ روپے کے اخراجات اعلی حکام کی منظوری کے بغیر ہی کر ڈالے۔
تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل پنجاب نے آڈٹ رپورٹ دوہزار اٹھارہ انیس میں انکشافات کیے ہیں، پنشن اور الاونسز کے نام پر 38 کروڑ روپے کی بندر بانٹ کی گئی جبکہ پنشن کے نام پر مختص شدہ رقم کی بجائے پچیس کروڑ روپے اضافی تقسیم کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال دو ہزار سولہ اٹھارہ میں میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے افسران نے سالانہ ضلع کونسل کی مد میں 44کروڑ 24 لاکھ روپے لوکل گورنمنٹ پیشن فنڈ میں ٹرانسفر کرنا تھے۔
لیکن مالی ریکارڈ میں افسران نے مختص شدہ رقم سے ہٹ کر 69 کروڑ 54 لاکھ روپے کے فنڈ ٹرانسفر کیےاور اضافی فنڈ کی تقسیم پر کوئی ریکارڈ اور وجوہات بھی نہیں ہیں۔دوسری جانب الاونسز کی مد میں میٹروپولیٹن کارپوریشن نے 15 کروڑ روپے کی رقم اعلی حکام کی منظوری کے بغیر ہی افسران اور ملازمین کو منتقل کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پندرہ کروڑ روپے کی رقم افسران میں منتقل کرکے آڈٹ کے ٹیم کو ریکارڈ بھی مہیا نہیں کیا گیا۔