رائل پارک (زین مدنی )لالی وڈ انڈسٹری کے نامور ہدایتکار سید نور نے اپنی نئی فلم '' تیر ے باجرے دی راکھی ''کی تیسرے سپیل کی عکس بندی شروع کردی۔
فلم کی پہلی عکس بندی شیخوپورہ اور سگیاں پل پر کی گئی جس میں میڈیا نمائندگان سمیت فلم انڈسٹری کے تکنیک کاروں اور دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر سید نورنے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ ہماری فلم انڈسٹری جلد اپنے پاں پر کھڑی ہو جائے گی۔میں نے بطور فلمسازبہت سی ہٹ فلمیں بنائی ہیں، جن کی ریلیزسے فلم انڈسٹری کی رونقیں بحال ہوئیں، میں نے ہمیشہ حساس معاشرتی موضوعات پر فلمیں بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کو دوبارہ سے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے تواتر کے ساتھ فلمیں بنانا ہوں گی، اور اب فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ فلم اردو ہو یا پنجابی اس کے سکرپٹ اور معیار پر خصوصی توجہ دینی ہو گی اور اگر ہم یہ کر لیں گے تو فلم بین خود ہی سینما کی طرف کھنچے چلے آئیں گے۔
سید نور نے کہا کہ سٹوڈیوز کی رونقیں بحال کرنے کیلئے جس طرح کے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے اس کے لئے دن رات ایک کرنا ہوگا۔ ہم بیشک چھوٹے بجٹ کی فلمیں بنا لیں لیکن ہمیں فلموں کی تعداد کو بڑھانا ہوگا، جتنی زیادہ نئی فلمیں بنیں گی فلم انڈسٹری اتنی زیادہ مضبوط ہو گی اور اگر ہم اس پر کاربند ہو گئے تو انڈسٹری کو سالوں نہیں مہینوں میں اپنے پاں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی فلموں کی نمائش سے فلم انڈسٹری کی رونقیں لوٹ آئیں گی۔ فلمیں کامیاب ہوں گی تو فلموں کی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا۔