باغوں کا شہر لاہور کچرا کنڈی بن گیا

19 Dec, 2020 | 09:55 AM

Sughra Afzal

ایجرٹن روڈ ( فاران یامین، اکمل سومرو، عفیفہ، فاران، راؤ دلشاد، فہد بھٹی، سعود بٹ، جنید ریاض، علی رامے، سعدیہ خان، شہزاد خان، قذافی بٹ، نبیل ملک ) لاہور میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر، باغوں کا شہر کچرا کنڈی بن گیا، بدبو اور تعفن سے گزرنا بھی محال، انتظامیہ کی جانب سے صفائی کے دعوے محض دعوے ہی رہے، باغوں کے شہر کی خوبصورتی ماند پڑ گئی۔

باغوں کے شہر کی گلیاں، چوک چوراہے سڑکیں کچرا کنڈی میں تبدیل ہوگئیں، کینال روڈ، وحدت روڈ، گلبرگ، ظہورالٰہی روڈ، گڑھی شاہو، شاہ جمال، اردو بازار، گوالمنڈی فوڈ سٹریٹ، نسبت روڈ، شمالی لاہور، گوالمنڈی، بانساں والا بازار، شاہدرہ، وحدت کالونی، سیون اپ پھاٹک مکہ کالونی، لٹن روڈ مزنگ جنازگاہ کے سامنے کوڑے کے ڈھیر ہیں، شہر کا کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں کوڑے کے ڈھیر انتظامیہ کا منہ نہ چڑا رہے ہوں، ہال روڈ پرقائم ایجوکیشن کمپلیکس کے سامنے دو ہفتوں سے کچرے کا ڈھیر نہیں اٹھایا جا سکا، جس کی وجہ سے شہریوں اور تاجروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

شہر لاہور میں گندگی کے ڈھیر جمع ہونے کے مسائل بڑھنے لگے، لاہور کی سب سے بڑی الیکٹرانکس مارکیٹ ہال روڈ پر گندگی کا ڈھیر جمع ہے، گندگی کے اس ڈھیر کے سامنے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا بوائز ہاسٹل جبکہ اس کے ساتھ ایجوکیشن کمپلیکس میں تعلیمی دفاتر میں آنے والے اساتذہ کو بھی پریشانی کا سامنا ہے، شہر کی ماڈل شاہراہوں پر کوڑا کرکٹ کی بدستور موجودگی نے صفائی کمپنی کی کارکردگی اور حکام بالا کے دعوؤں کی قلعی کھول دی۔ 

ماڈل شاہراہ لارنس روڑ پر بھی جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے، ویسٹ کنٹینرز اور فٹ پاتھوں پر کوڑا کرکٹ موجود ہے، کیتھیڈرل چرچ کی دیوار کے ساتھ فٹ پاتھ پر کچرا ہی کچرابکھرا پڑا ہے، محکمہ ہاؤسنگ اور پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ کے داخلی راستے پر بھی کوڑے کا ڈھیر لگا ہوا ہے۔ لال پل، ہربنس پورہ، بھاٹی چوک، پانی والا تالاب، لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، میکلوڈ روڈ،نسبت روڈپر دیال سنگھ لائبریری کے باہر کچرے کے ڈھیر لگے ہیں۔ کئی ہفتے سے صفائی نہ ہونے کے باعث علاقے میں شدید گندگی اور تعفن پھیل گیا، حکومتی عدم توجہی کے باعث اندرون لاہور پانی والا تالاب اور اطراف کے علاقے کچرا کنڈی میں تبدیل ہوگئے، علاقہ مکینوں نے حکومت سے اپیل ہے کہ علاقے سے جلد از جلد کچرا اٹھوایا جائے۔ 

دوسری جانب لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر میں صفائی آپریشن کے تحت تمام افسروں اور عملے کی کل اتوار کی چھٹی منسوخ کر دی، کمپنی کے مطابق شہر کے تمام پوائنٹس سے کچرا جلد سے جلد اٹھا لیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق ایل ڈبلیو ایم سی اور ترک کنٹریکٹرز کی تمام تر مشینری فیلڈ میں موجود ہے، کمپنی کی جانب سے شہر کے کئی پوائنٹس کو کلیئر کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

 ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی نے کہا ہے کہ شہر بھر کے تمام ویسٹ کنٹینرز کو تر جیحی بنیادوں پر خالی کروایا جا رہا ہے، صفائی آپریشن کے نتیجے میں اب تک 7 ہزار ٹن سے زائد کوڑا اٹھایا جا چکا ہے۔

مزیدخبریں