سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا سرکاری سکول پیف کے حوالے کرنے کا فیصلہ

19 Dec, 2018 | 06:10 PM

Shazia Bashir

(جنیدریاض) پنجاب کے 4 ہزار سے زائد سرکاری سکولوں کو این جی اوز کے حوالے کرنے پرکرپشن کا انکشاف، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے این جی اوز سےحوالے کیے گئے تمام سرکاری سکول پیف کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سابقہ دور حکومت میں این جی اوز کےحوالے کیےگئے 4 ہزار سرکاری سکولوں میں دو سو پچاس سکول لاہور کے بھی شامل ہیں۔ زیادہ تر سکول کیئر فاؤنڈیشن اور این جی اوز کو دیے گئے تھے۔ ذرائع کےمطابق مذکورہ سرکاری سکولوں میں سے سینکڑوں سکولز رانا مشہود کی جانب سے منظور نظر این جی اوز کے حوالے کیے گئے جن کو فی بچہ 550 روپے دینے کے بجائے 750 روپے ماہانہ وظیفہ سے نوازا گیا، اساتذہ کا کہنا ہے کہ سرکاری سکولوں کو پرائیوٹائز کرنے کا فیصلہ درست نہیں تھا۔

صوبائی وزیر تعلیم مرادراس کا کہنا ہے کہ رانا مشہود کرپشن کی وجہ سے ہی ملک چھوڑ کر بھاگےہیں۔ انہوں نے کہاکہ منظور نظر این جی اوز کو دیئے گئے سکولز کا سروے مکمل ہونے کے بعد تمام سکولز پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو دے دیئے جائیں گے۔ پنجاب انیشیٹیو مینجمنٹ اتھارٹی کا قیام سرکاری سکولوں کو این جی اوز کے تحت چلانے کیلئے عمل میں لایا گیا تھا، سرکاری سکولوں کو پیف کےزیر سایہ دیئے جانے کے بعد پیمہ کا مکمل طور پر خاتمہ ہوجائے گا۔

مزیدخبریں