(قذافی بٹ) لاہورکی فضاؤں میں پھر ہوگی بو کاٹا کی گونج، پنجاب حکومت نے بسنت کے رنگ بکھیرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی جو بسنت کا تہوار منانے کیلئے تجاویز مرتب کرے گی۔
پنجاب حکومت نے بسنت کے حوالے سے صوبائی وزیرقانون راجہ بشارت کی سربراہی میں 10 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو بسنت کا تہوار منانے کیلئے تجاویز مرتب کرے گی اور منفی پہلوؤں کی روک تھام کیلئے ایکشن پلان تیار کرے گی۔
بسنت کے حوالے سے تشکیل دی گئی کمیٹی کے اراکین کے نام بھی سامنے آگئے ہیں، کمیٹی میں صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان، یوسف صلاح الدین، مبشر لقمان شامل کائٹ فلائنگ ایسویسی ایشن کے صدر، ڈی سی لاہور ، آئی جی پنجاب پولیس یا ان کا کوئی نمائندہ شامل ہوگا۔ کمیٹی میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری انفارمیشن اور سیکرٹری کلچر بھی رکن ہونگے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی دو ہفتوں کے اندر اپنی تجاویز مرتب کرکے وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔ بسنت کے لیے 10 یا 17 فروری کی تاریخ مقرر کی جاسکتی ہے۔ کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے بلوایا جائے گا۔
گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا تھا کہ اگلے سال فروری 2019ء کے دوسرے ہفتے بسنت منانے کا اصولی فیصلہ ہو گیا۔ بسنت لاہور کا ثقافتی فیسٹیول ہے۔