(سٹی42) اورنج لائن ٹرین پر عمل درآمد تیز، منصوبے کے چاروں پیکجز میں مزید 100 کینال سے زائد اراضی خریدنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی ترقیاتی بورڈ نے لینڈ ایکوزیشن کی مد میں دو ارب کے فنڈز کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ میں چیئرمین جہانزیب خان کی زیر صدارت صوبائی ترقیاتی بورڈ کا اجلاس ہوا۔ اورنج لائن ٹرین منصوبے کے لیے ترقیاتی بورڈ نے مزید دو ارب کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔ مذکورہ فنڈز اورنج لائن ٹرین کے چاروں پیکجز میں مزید اراضی کے حصول کے لیے خرچ کیے جائیں گے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے اورنج لائن ٹرین کے چاروں پیکجز میں مزید اراضی کے حصول کے لیے منصوبے کا ریوائزڈ پلاننگ کمیشن منظوری کے لیے محکمہ پی اینڈ ڈی کو ارسال کیا گیا تھا ۔ فنڈز سے پیکج ون میں اچھنت نگر کے قریب 2 اشاریہ 8 کینال اراضی، پیکج ٹو میں سمن آباد سے یتیم خانہ کے درمیان 15 کینال اراضی، رایئونڈ روڈ سید پور گرڈ سٹیشن سے بھاری ٹرانسمیشن لائنز کو منتقل کرنے کے لیے 15 کینال اراضی ، پیکج تھری میں عام شہریوں کو ان کی بقیہ زمینوں تک رسائی دینے کے لیے سات کینال اراضی، پیکج تھری میں بارشی پانی کے اخراج کے لیے بنائے جانے والے تالاب کے لیے 47 کینال اراضی، جبکہ شاہنور ملتان روڈ شاہنور کے مقام پر سب سٹیشن کی تعمیر کے لیے 13 کینال اراضی کا حصول کیا جائے گا۔