تبدیلی کے جعلی دعویداروں نے صرف قوم کا وقت برباد کیا: شہباز شریف

19 Dec, 2017 | 10:06 AM

 (عمراسلم) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ عوام کو تبدیلی کے کھوکھلے دعووں سے بہلایا نہیں جاسکتا۔ تبدیلی کے جعلی دعویداروں نے صرف قوم کا وقت برباد کیا۔ تبدیلی کے نعرے لگانے والوں کے اصل چہرے عوام نے دیکھ لئے۔ان عناصر نے تمام وقت جھوٹے الزامات پر صرف کیا۔ سیاست عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کا نام ہے۔ ہم نے عوام کی خدمت ہمیشہ عبادت سمجھ کر کی۔عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبے اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون کے عہدیداروں اورکارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کسی انتشار اور افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ سب مل کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کریں۔ عوامی خدمت کے جذبے سے عاری ان افراد کے پاس عوام کےلئے کچھ نہیں۔ ہماری حکومت نے صحت، تعلیم، زراعت، انفراسٹرکچر سمیت تمام شعبوں کی بہتری کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ حکومتی اقدامات کے باعث عوام کو آج ہسپتالوں میں بہترین اور جدید طبی سہولتیں میسر ہیں۔ گردے وجگر کے امراض کے علاج کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ بنایا جارہا ہے جس کے پہلے مرحلے کا افتتاح جلد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خود روزگار سکیم کے تحت بلاسود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں اوراب تک لاکھوں خا ندان اس سکیم سے استفادہ کرچکے ہیں۔ 17 لاکھ 50 ہزار سے زائد خاندانوں کو بلاسود قرضے فراہم دیئے گئے۔ سکیم کے تحت 37 ارب 85 کروڑ سے زائد کے بلاسود قرضے فراہم کئے جا چکے ہیں۔ آئندہ 7 ماہ میں مزید اڑھائی لاکھ خاندانوں کو ساڑھے 6 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک کو آگے لے جانے کے لئے قائداعظمؒ کے فرمودات پر عمل کرنا ہوگا۔ ہمارا جینا مرنا عوام کےساتھ ہے، اسی جذبے سے عوامی خدمت کرتے رہیں گے۔

مزیدخبریں