قیصر کھوکھر : حکومت پنجاب بلدیاتی الیکشن سے راہ فرار اختیار کرنے لگی ، ایک ماہ گزر گیا وزیر اعلیٰ نے لوکل آف ایکٹ منظور نہیں کیا۔
محکمہ بلدیات نے ایک ماہ قبل لوکل گورنمنٹ ایکٹ منظوری کیلئے ایوان وزیر اعلیٰ کو بھیج رکھا ہے۔ یہ ایکٹ چیف سیکرٹری آفس اور وزیر اعلیٰ کے درمیاں ہی گھوم رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے فوری طور پر ایکٹ منظور کروا کرکے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کروانے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن چیف سیکرٹری اور سیکرٹری بلدیات کی طلبی بھی کر چکا ہے۔ اس کے باوجود وزیر اعلیٰ پنجاب معاملے کو تاخیر کا شکار کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نےایک جائزہ کمیٹی بھی تشکیل دی تھی، جس میں صوبائی وزراء اور سیکرٹری بلدیات سمیت دیگر افسران شامل تھے۔ کمیٹی نے اپنی تجاویز بھی تیار کرکے پنجاب حکومت کو ارسال کررکھی ہیں۔