وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا انسانیت کے عالمی دن پر پیغام

19 Aug, 2024 | 11:08 AM

 راؤ دلشاد:  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کے لیے تعلیم، صحت اور دیگر فلاحی منصوبے حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔

انسانیت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ دنیا بھر میں انسانوں کی خدمت کرنے والوں کو سلام اور خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔ انسانیت کی خدمت کاعظیم مقصد قوموں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خدمت میں مصروف تمام ریسکیو ورکرز، ڈاکٹرز، نرسز، امدادی کارکنان کو سلام پیش کرتی ہوں۔ انسانیت کی خدمت کو عبادت سمجھتی ہوں۔ عوام کی خدمت کے لیے تعلیم، صحت اور فلاحی منصوبے اولین ترجیح ہیں۔ انسانیت کی خدمت ہمار ا منشور اور نصب العین ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت کے لیے پاکستان کا پہلی ائرایمبولینس پراجیکٹ لانچ کیا ہے ۔ خدمت کا عزم نبھاتے ہوئے اسپتال اور مراکز صحت کی اپ گریڈیشن شروع کی ہے۔ فیلڈ اسپتال، کلینک آن ویلز اور مفت ادویات دہلیز پر پہنچائی جارہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کا مشن پورا کرنے کے لیے ریسکیو 1122 کو موٹر ویز پر تعینات کیا جارہا ہے۔ ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتے ہیں جہاں ہر انسان کو عزت و وقار کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہو۔ انسانیت کے خدمت گار بنیں، جو مشکل میں ہو اس کی مدد کریں، یہ فرض بھی ہے اور ہماری روایت بھی۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت سنت نبویﷺ بھی ہے اور اس سے اللہ تعالیٰ بھی راضی ہوتے ہیں۔

مزیدخبریں