گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ، ہائی الرٹ جاری

19 Aug, 2024 | 10:14 AM

مائدہ وحید:  کشمیر ، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار ، خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

شہر لاہور  میں بادل اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے، ماہرین کے مطابق آج شہر میں بارش کے60فیصد امکانات ہیں۔ شہر میں سورج اپنی کرنیں بکھرنے سے ہوائیں نہ چلنے سے گھٹن اور حبس میں اضافہ ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر لاہور کا  موجودہ درجہ حرارت27ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ شہر میں درجہ حرارت32ڈگری تک جانے کاامکان ہے۔فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور پہلے نمبرپر آگیا ہے جبکہ فضا میں آلودگی کی مجموعی شرح170ریکارڈ کی گئی ہے۔ یو ای ٹی214،ڈی ایچ اے213،زکی فارم میں شرح188ریکارڈ، نیٹ سول208،سید مراتب علی روڈ میں شرح177ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  اسلام آباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، تونسہ، لیہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، قصور، لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، ڈیرہ اسماعیل خان اورخوشاب میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 بالاکوٹ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، مہمند، خیبر، باجوڑ، مالاکنڈ، مردان، پشاور، کرک، کوہاٹ اور کرم میں بارش کی توقع ہے۔  زیارت، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، کوئٹہ، قلعہ عبد اللہ، قلات، خضدار، قلعہ سیف اللہ اور لسبیلہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

 کراچی، جامشورو، ٹھٹھہ اوربدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور مانسہرہ میں بارش ہونے کی توقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب  این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ اگلے 24-48 گھنٹوں میں طوفانی موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔  این ڈی ایم اے نے کہاہے کہ ملک بھر کے تمام بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، آج شام یا رات 18 سے 19 اگست تک وقفے کے ساتھ مزید موسلادھار مون سون بارشیں متوقع ہیں، موسلا دھار بارشوں کے باعث  اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور،کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، سیالکوٹ ، سرگودھا ، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

 این ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ بارشوں سے  انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے،  ملحقہ دیہات قصبے یا نالوں کے قریب بستیاں، سیلابی ریلوں سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

مزیدخبریں